اسلام آباد (ممتاز علوی) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جو طویل لفظی جنگ کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پہلے باضابطہ رابطے کی علامت ہے۔ ملاقات، خوشگوار ماحول میں سیاسی صورتحال اور مذاکراتی فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عمران خان کی صحت، علاج و سہولیات، اپوزیشن اتحاد کے مطالبات و ممکنہ مذاکراتی فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کے ایک ذریعے نے وضاحت کی کہ یہ ملاقات خوشگوار اور پرسکون ماحول میں ہوئی اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں مجموعی سیاسی منظر نامے پر بھی اس کے اثرات نظر آئیں گے۔ دونوں اطراف نے جمہوریت اور پارلیمانی سیاست سے متعلق اہم مسائل پر اپنا اپنا موقف پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے، جنہوں نے مبینہ طور پر دونوں فریقین کو "ایک میز" پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ذرائع کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال، اپوزیشن اتحاد کے مطالبات اور مذاکرات کے ممکنہ فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گفتگو کے دوران وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ممکنہ ملاقات کے ایجنڈے پر بھی بات کی گئی۔