کراچی (نیوز ڈیسک)جرمنی میں ملکی خفیہ اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے والے پارلیمانی کنٹرول پینل کے سربراہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ایران میں امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں میں ملکی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور کئی دیگر سرکردہ شخصیات کی ہلاکت کے بعد تہران کی طرف سے یورپ میں بھی جوابی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔اس جرمن پارلیمانی پینل کے سربراہ نے کہا کہ یہ بات بعید از امکان نہیں کہ یورپ میں ایرانی سلیپر سیلز ایسے جوابی اقدامات کر سکتے ہیں، جن کا مقصد ایران پر حملوں کا بدلہ لینا ہو۔وفاقی جمہوریہ جرمنی کی پارلیمان کے ایوان زیریں بنڈس ٹاگ کے جرمن انٹیلیجنس اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے والے کنٹرول پینل کے سربراہ مارک ہینرشمان نے جرمن اخبار زُوڈ ڈوئچے سائٹنگ کو انٹرویو میں کہا کہ ایرانی حکومت ماضی میں بھی بار بار ایسا کر چکی ہے کہ اس کی طرف سے اپنے ملک کی قومی سرحدوں سے باہر بھی دہشت گردانہ کارروائیاں کی گئیں۔