کراچی ( اسٹاف رپورٹر )مجلس وحدت مسلمین ،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت ملت جعفریہ کی مختلف تنظیموں کی جانب سے پیر کو رات گئےا یران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت میں رہبر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر شہرکے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا،اس حوالے سے نمائش چورنگی، انچولی ،عباس ٹاون،نیو رضویہ سے صفورہ چورنگی، بلدیہ ٹاون،کورنگی، ملیر،نیشنل ہائی وے، لانڈھی سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں،جن میں لوگوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی،شرکاء نے احتجاج کے دوران امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرےبھی لگائے،کئی امام بارگاہوں میں تعزیتی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔جلوس ،ریلیوں اور تعزیتی مجالس میں علمائے کرام شریک ہوئے،اس موقع پر اہم شاہراؤں ایم اے جناح روڈ ،شاہراہ پاکستان،نیشنل ہائی وے کو کئی مقامات پر بند کردیا ،اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ ہمارا پر امن احتجاج ملت اسلامیہ کے عظیم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی المناک شہادت پرظالموں کے خلاف ہے۔