اسلام آباد( رانا غلام قادر ) عازمین حج کے لیے اچھی خبر ہے کہ حج پروازوں کا شیڈول سامنے آگیا ۔ پاکستان سے پہلی حج پرواز18اپریل کو روانہ ہوگی۔ پاکستان سے سرکاری حج اسکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائیگا۔ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق وزارت مذہبی امورنے حج فلائٹس پلان کو حتمی شکل دیدی ۔ پلان کے مطا بق 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی ۔ عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا۔پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔