اسلام آباد (رانا غلام قادر)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے منگل کے روز سیکٹر G-11میں خواتین کیلئے خصوصی رمضان سہولت بازار میں قائم سٹالز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی او ایم سی آئی، اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی خواتین سمیت صارفین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تفصیلات کے مطابق، اس سلسلے میں G-11 رمضان سہولت بازار میں تقریباً 48 سٹالز خواتین کو الاٹ کئے گئے ہیں۔ ویمن رمضان سہولت بازار میں قائم سٹالز کا انعقاد چاند رات تک کیا جائیگا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ویمن رمضان سہولت بازار کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور سٹالز پر دستیاب مختلف اشیاء کا معائنہ کیا۔ انہوں نے خواتین دکانداروں اور خواتین صارفین سے مسائل بھی دریافت کئے۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو ویمن سٹالز اور رمضان سہولت بازار کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ویمن چیمبر آف کامرس کے تعاون سے خصوصی طور پر عیدالفطر کی مناسبت سے خواتین کیلئے سیکٹر G-11میں رمضان سہولت بازار کا انعقاد کیا جارہا ہے۔