اسلام آباد(ساجد چوہدری )نجکاری کمیشن بورڈ نے فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی) کو عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ (اے ایچ سی ایل) کی قیادت میں قائم کنسورشیم میں شامل کرنے کی منظوری دینے کی سفارش کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو کر دی ہے، مذکورہ کنسورشیم پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کیلئے کامیاب بولی دہندہ ہے،یہ فیصلہ گزشتہ روز نجکاری کمیشن (پی سی) بورڈ کے 249ویں اجلاس میں کیا گیا، جو وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا،ا حتمی منظوری وفاقی کابینہ دیگی ۔علامیے کے مطابق شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن معاہدے (ایس پی ایس اے ) کی شرائط کے تحت ایف ایف سی کو اے ایچ سی ایل کی سربراہی میں کنسورشیم نے نامزد کیا تھا، بورڈ نے جائزے کے بعد اس نامزدگی کی توثیق کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایف ایف سی تمام متعلقہ اہلیت اور ریگولیٹری تقاضوں پر پورا اترتی ہے تاہم ایف ایف سی کی کنسورشیم میں شمولیت حتمی منظوری کےلئے سی سی او پی اور وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی۔