کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا حل تلاش کیا جا رہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک قومی مسئلہ ہے، جس کے اثرات ہر شعبے پر مرتب ہوتے ہیں، تاہم حکومت ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے قابلِ عمل تجاویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔سندھ حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کے ساتھ فون پر گفتگو کررہے تھے، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کو پیش آرہے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ الائنس کے صدر سینئر وزیر کو آگاہ کیا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹ کا کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔