کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں میں6ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے مراکش کے راستے اسپین جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ سوات کے رہائشی مسافر فیصل مراد ولد قاضی گل کو روکا گیا۔مسافر مراکش کیلئے وزٹ ویزا پر سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مزید جانچ کیلئے ریفر کیا گیا۔ دستاویزات اور موبائل فون کی جانچ میں مشکوک شواہد سامنے آئے۔دوران تفتیش غیر قانونی امیگریشن کی کوشش کا انکشاف ہوا۔مسافر نے اسپین جانے کیلئے ایجنٹ سے رابطے کا اعتراف کیا۔ایجنٹ بہادر خان جو کہ پشاور کا رہائشی ہے نے 30لاکھ روپے میں غیر قانونی سفر کا وعدہ کیا۔ایجنٹ نے مراکش کو ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا۔مسافر کو سمندری راستے سے اسپین بھجوانے کی تیاری تھی۔ مسافر اپنے سفر کا مقصد ثابت نہ کر سکا۔مسافر کے پاس نہ ہوٹل بکنگ تھی اور نہ ہی مناسب مالی وسائل موجود تھے۔