لاہور (خبر نگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں 155نواز شریف سکولز آف ایمیننس کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کی ایک اہم تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، تقریب کے دوران نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں، تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے افراد، این جی اوز، ایڈٹیک فرمز اور ایجوکیشنل چینز کے سربراہان کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن* کے تحت نواز شریف سکولز آف ایمیننس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔