کراچی (نیوز ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران جنگ، بڑا فوجی جوا، نتائج غیر یقینی، صدر کی ایران پالیسی میں خطرناک الجھن، امن کے دعوؤں کے برعکس جارحانہ فوجی حکمت عملی اپنائی، ایرانی حکومت تبدیلی ملک میں عدم استحکام بڑھا سکتی ہے، داخلی مخالفت اور سیاسی دباؤ ٹرمپ کیلئے بڑے چیلنج ہیں۔ امریکی جریدے ٹائم کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف بڑے فوجی حملے کا حکم دیتے ہوئے ایک وسیع جنگ کا آغاز کیا جس میں امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے سینکڑوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت کئی اعلیٰ حکام مارے گئے۔ ایران نے جواب میں خلیجی خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے جن میں امریکی فوجی مارے گئے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس جنگ کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کرنا اور ایک ایسا نیا نظام قائم کرنا ہے جو امریکا کے لیے قابل قبول ہو۔