بیروت ( جنگ نیوز)لبنان میں زمینی کارروائی کیلئے اترنے والے اسرائیلی کمانڈوز پر حزب اللہ کا حملہ،گرفتاریوں کا امکان،حزب اللہ کے دستے گھات لگائے بیٹھے تھے، کمانڈوز کے پھنس جانے پر اسرائیل کی شدید بمباری، بکا وادی میں اسرائیل کےفضائی اور زمینی حملوں میں کم از کم 41 افراد شہید اور 40 زخمی ، تین لبنانی فوجی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لبنان کے سرحدی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اتر کر زمینی آپریشن شروع کرنے والے اسرائیلی کمانڈوز پر حزب اللہ نے حملہ کر دیا جس کے بعد اطلاعات ہیں کہ بعض اسرائیلی کمانڈوز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسرائیلی اسپیشل فورسز نے مشرقی وادیِ بقاع کے علاقے النبی شیث میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک انتہائی حساس آپریشن انجام دینے کی کوشش کی۔ شام کی سرحد کے قریب واقع یہ علاقہ حزب اللہ کا ایک اہم تزویراتی گڑھ اور اس کے کئی بانی رہنماؤں کی جائے پیدائش سمجھا جاتا ہے۔ لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی (NNA) کے مطابق یہ آپریشن اس وقت شروع ہوا جب اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے رات کی تاریکی میں لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور یحفوفہ اور خریبہ کے دیہاتوں کے درمیان سنگلاخ پہاڑی علاقے میں اپنے کمانڈوز اتارے۔