اسرائیل کی جانب سے دھمکی ملنے کے بعد لبنانی حکومت نے مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کو ہتھیار ڈالنے کا کہہ دیا۔
لبنانی وزیر خارجہ یوسف راجی نے ایران کے متعدد عرب ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللّٰہ کی فوجی کارروائیاں لبنان کی سرکاری پالیسی کی نمائندگی نہیں کرتیں۔
عرب لیگ اجلاس کے دوران یوسف راجی نے کہا کہ خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے اسرائیل کے لبنان پر بمباری کے حوالے سے کہا کہ حزب اللّٰہ نے لبنان کے قومی مفادات کو نظر انداز کیا اور ریاست سے الگ طور پر کارروائی کی، انہوں نے دوبارہ زور دیا کہ حزب اللّٰہ کو فوراً اپنے ہتھیار چھوڑنے چاہئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ لبنانی حکومت حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرے ورنہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہے۔
اپنے بیان میں یسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا لبنان کے خلاف کوئی علاقائی دعویٰ نہیں، لبنانی سرزمین سے اسرائیل پر حملوں کی صورتحال قابل قبول نہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ لبنانی حکومت ہماری ہدایت پر عمل کرے، اس سے پہلے کہ ہم اس سے بھی زیادہ کارروائیاں کریں۔