کراچی (رفیق مانگٹ) معروف امریکی صحافی ٹکر کارلسن اور اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی کے درمیان ایک مکالمے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ سوال دوبارہ عالمی بحث کا مرکز بن گیا ہے کہ "خدا کے منتخب لوگ" دراصل کون ہیں اور کیا بنی اسرائیل کو واقعی مقدس سرزمین ہمیشہ کیلئے عطا کی گئی تھی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ خدا نے بنی اسرائیل کو ایک خاص حیثیت دی اور یہودی اسی تاریخی سلسلے کا تسلسل ہیں،جبکہ امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے کہا یہودیوں کے دعوے کی حدود اور آج کے دور میں اس کی عملی تشریح واضح نہیں۔ وائرل ویڈیو میں ٹکر کارلسن نے مائیک ہکابی سے براہِ راست سوال کیا کہ کیا بائبل کے مطابق یہودی ہی خدا کے منتخب لوگ ہیں۔ ہکابی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بائبل کے مطابق خدا نے بنی اسرائیل کو ایک خاص حیثیت دی اور ان کے مطابق یہودی اسی تاریخی سلسلے کا تسلسل ہیں۔ کارلسن نے گفتگو کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر اسرائیل یہ دعویٰ کرے کہ بائبل کی کتابِ پیدائش کے باب 15 کے مطابق خدا نے انہیں لبنان، شام اور عراق تک کی سرزمین دی ہے تو کیا یہ دعویٰ آج کے دور میں جائز سمجھا جا سکتا ہے۔