کراچی(اے پی پی)محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر 300پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی گئیں۔پنک الیکٹرک اسکوٹیز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسکوٹی لینے کیلئے ڈرائیونگ لائسنس اور تعلیم یا ملازمت کا ثبوت درکار ہوگا۔ وہ تمام خواتین کو عالمی یومِ خواتین کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ خواتین نہ ہوتیں تو ہم بھی نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین صرف خواتین کا نہیں بلکہ ہر اس شخص کا دن ہے جسے ایک خاتون نے جنم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں طویل عرصے تک خواتین کو نظر انداز کیا جاتا رہا مگر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنا کر نئی تاریخ رقم کی۔ ان کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں خواتین نے ثابت کیا کہ وہ ملک چلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور ایسے میں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا تاریخی کارنامہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ہے جبکہ پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دینے کا کریڈٹ بھی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ حقیقت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی کہ خواتین کی ترقی اور بااختیاری کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے تاریخی اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ وومن بینک کا قیام، خواتین کے لئے پہلا پولیس اسٹیشن اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام جیسے انقلابی اقدامات بھی پیپلز پارٹی نے متعارف کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سماجی فلاحی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے جسے بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا اور اس کا آغاز صدر آصف علی زرداری کے دور میں ہوا۔