• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڈل کالونی سے ملیر ہالٹ جانے والی جناح ایونیو پر کئی فٹ گڑھے، سیوریج، ٹریفک جام

کراچی(طاہر عزیز۔۔اسٹاف رپورٹر) ملیر اورایئرپورٹ کےاطراف کے علاقوں میں رہنے والے شہری ملیر ہالٹ سےماڈل کالونی قبرستان تک جناح ایونیوکی گزشتہ ڈھائی تین سال سے مسلسل ٹوٹ پھوٹ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مسلسل نظر انداز کئے جانے کے باعث شدیدکرب میں مبتلا ہیں خاص کر شام اور صبح رش کے اوقات میں ماڈل کالونی سے ملیر ہالٹ جانے والے ٹریک پر جگہ جگہ کئی فٹ گڑھے،سوریج کا ہر وقت جمع رہناٹریفک کے گزرنے میں رکاوٹ بنا رہتا ہے جبکہ ملیر ہالٹ سے ایئرپورٹ اور ملیر کینٹ اور پھر آگے سپر ہائی وے تک بھی سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اسےائیرپورٹ جانے والے مسافر بھی استعمال کرتے ہیں یہ سڑک ضلع کورنگی میں آتی ہے لیکن اس پر ڈپٹی کمشنر ملیر کا بھی دفتر ہے اس کے سامنے سڑک طویل عرصے سے بیٹھی ہوئی ہے اور ساراد دن دھول مٹی اڑتی رہتی ہے اس سڑک کو روزانہ استعمال کرنے والوں کا یہ شکوہ جائز ہےکہ اگر سڑک نہیں بناسکتے تو کےایم سی،واٹر بورڈاور ٹاون سڑک کو ٹریکٹر چلاکر گڑھے پراور اسےہموار تو کر سکتے ہیں لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود شہریوں کو ان کے اپنے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے ماضی میں میئر کراچی، چیئر مین ماڈل کالونی ٹاون اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن دورے کرکے اس کی بہتری کے اقدامات کے اعلان کر چکے ہیں سیوریج اور پانی کی لائینیں بھی تبدیل کی جا چکی ہیں لیکن یہ سڑک عوام کے لئے مسلسل درد سر بنی ہوئی ہے رش کے اوقات میں پندرہ منٹ سے آدھا گھنٹہ ہر گاڑی والے کا یہاں ضرور ضائع ہو تا ہےمیئر کراچی سیوریج لائن کی تبدیلی اور سڑک کی ازسر نو مرمت کا اعلان اور فنڈ مخٹص کر چکے ہیں لیکن کب ادھڑی ہوئی سڑک تعمیر ہو گی کسی کو پتا نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید