اسلام آباد (ساجد چوہدری ) پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل طویل انتظار کے بعد مکمل ہوگیا، جس میں پاکستان کو507ملین ڈالر (142ارب روپے) حاصل ہوئے، اس نیلامی میں 597میگا ہرٹز کے ہدف کے مقابلے میں 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت کیا گیا، نیلامی کا عمل تین مراحل میں مکمل ہوا جس میں تین ٹیلی کام آپریٹرز زونگ ، جاز اور یو فون نے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز اور ملک میں تیز رفتار ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے لئے اسپیکٹرم حاصل کیا ، منگل کی صبح وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے عمل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید امین الحق بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نےاس موقع پر کہا ہے کہ فائیو جی سے انٹرنیٹ اسپیڈ میں بہتری آئے گی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں انقلاب آئے گا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا ، چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن اور ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب پیشرفت ہے۔تفصیلات کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سافٹ ویئر کے ذریعے آن لائن ہوئی۔ نیلامی کے اختتام پر چیئرمین پی ٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کے ہمراہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اس دن کو پاکستان کے لئے تاریخی اور خوشی کا سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو بھی سراہا جنہوں نے بھرپور حصہ لیا اور مسابقتی قیمتوں کو یقینی بنایا، انہوں نے بتایا کہ نیلامی کے اگلے مرحلے میں، جو جمعرات کو منعقد ہوگا، ہر بینڈ کے اندر مخصوص لاٹس کی تقسیم کی جائے گی، آپریٹرز خود فیصلہ کریں گے کہ وہ ہر بینڈ میں اوپری، درمیانی یا نچلے حصے کی فریکوئنسی حاصل کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی اے کے مطابق نیلامی میں700 میگا ہرٹز بینڈ میں 2 لاٹس فروخت ہوئے ، 2300 میگا ہرٹز بینڈ کے تمام 5 لاٹس، 2600 میگا ہرٹز بینڈ کے تمام 19 لاٹس، 3500 میگا ہرٹز بینڈ کے 28 میں سے 22 لاٹس ،اس طرح مجموعی طور پر 480 میگا ہرٹز ااسپیکٹرم فروخت ہوا، جاز سب سے بڑا خریدار بن کر سامنے آیا جس نے 190 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کیا، جس میں 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں 50 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز میں 70 میگا ہرٹز، 2300 میگا ہرٹز میں 50 میگا ہرٹز، 700 میگا ہرٹز میں 20 میگا ہرٹز، یو فون نے180 میگا ہرٹز حاصل کیا جس میں 3500 میگا ہرٹز میں 120 میگا ہرٹز،2600 میگا ہرٹز میں 60 میگا ہرٹز شامل ہیں جبکہ زونگ نے 110 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کیا، جس میں 3500 میگا ہرٹز میں 50 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز میں 60 میگا ہرٹز شامل ہے۔