اسلام آباد(رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے زیادہ سے زیادہ پیداواری شعبوں کو خودکار نگرانی کے دائرہ کار میں لانے اور ایف بی آر محصولات میں اضافے اور ٹیکس چوری کے سدباب کیلئے انفورسمنٹ کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے لئے ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ تمام وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز کفایت شعاری اور توانائی بچت کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور ورک فورس مینجمنٹ کے حوالے سے روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹ جمع کرائیں گی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ عالمی حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھا جائے،کفایت شعاری کے حوالے سے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے ،تمام وزارتیں اور ادارے کفایت شعاری کے تحت بند کی گئی گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو بھجوائیں ۔منگل کو شہباز شریف کی زیر صدارت موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے حکومت کے اعلان کردہ اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے حکومت کے اعلان کردہ اقدامات پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی قیادت میں خصوصی کمیٹی کر دی گئی ہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی ۔