اسلام آباد، کراچی (خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ایل این جی کی عالمی سپلائی میں رکاوٹ سے پاکستان زیادہ متاثر نہیں ہوگا،ملک میں چھتوں پر نصب سولر سسٹمز کی صلاحیت 20 گیگا واٹ سے تجاوز کر چکی ہے۔دوسری جانب پاک بحریہ کے حفاظتی حصار میں یو اے ای سے 2 جہاز 12 کروڑ لیٹر تیل لے کر کراچی پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کوانٹرویو میں وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان میں مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے باعث ایل این جی کی عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے اثرات اب پہلے کے مقابلے میں کم ہو گئے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں تقریباً 74 فیصد بجلی مقامی ذرائع سے پیدا کی جا رہی ہے اور حکومت کا ہدف ہے کہ 2034 تک اس شرح کو 96 فیصد سے بھی زیادہ تک پہنچایا جائے۔