اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ، خصوصی نامہ نگار ) جمعتہ الوداع کے موقع پر منائے جانے والے عالمی یومِ القدس کے حوالے سے اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور،کراچی، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں امریکا اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور فلسطین و اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔القدس ریلیوں کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او، تحریک بیداری امت، شیعہ علماء کونسل، جانثاران اہلبیت اور جے ایس او سمیت دیگر ملی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،بھاری اکثریت سے قراردادیں منظور، اسلام آباد میں امریکی واسرائیلی پرچم بھی نذر آتش۔ اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی سے قائد حزب اختلاف سینیٹ وچیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر مقررین نے خطاب کیا، آخر میں فلسطین اور ایران کی حمایت میں قراردادیں پیش کی گئیں اور امریکی واسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے ۔ ادھر علمائے کرام نے ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے۔