اسلام آباد( رانا غلام قادر)وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کے موقع پر بھارت سے آئے 2200 سکھ یاتری، گردوارہ پنجہ صاحب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کیلئے روانہ ہو گئے،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کا کہنا ہے کہ یاتری گردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں دو دن قیام اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرینگے۔ بھارتی یاتریوں کے اعزاز میں گردوارہ دربار صاحب کے بیرونی احاطے میں پنجابی ثقافتی کھیل کبڈی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔سکھ یاتری 17 اپریل کو گردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کرتے ہوئے لاہور پہنچیں گے، جہاں پر گردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گےجبکہ 19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہوں گے۔ قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز، متروکہ وقف املاک بورڈ، ناصر مشتاق نے کیئر ٹیکر عصمت اللہ کے ہمراہ سکھ یاتریوں کو گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے روانہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنجاب پولیس کے دستو ں کی موجو دگی میں یاتریوں کو تین مختلف قافلوں کی صورت میں روانہ کیا گیا۔