کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ القدس کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یومِ القدس مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد کو یاد رکھنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، عالمی برادری فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان اور سندھ کے عوام ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جائز جدوجہد کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ سید مراد علی شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے اور مظلوم فلسطینیوں کے مسائل کے حل کے لئے مؤثر کردار ادا کرے۔