کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاریاں جاری ہیں ،ٹیمیں 23مارچ کو لاہور میں جمع ہوں گی۔ مشرق وسطی میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان پہنچانے کے لئے ایسی ایئر لائنز کا انتخاب کیا ہے کہ جو دبئی، ابوظبی اور دوحا کے روٹ اختیار نہیں کرتیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور گلین میکسویل نے اپنی متعلقہ فرنچائزز کو پاکستان آنے کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔ مارنوس لبوشین سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی پاکستان آمد کی تصدیق کر دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنگاپور ایئرلائن، تھائی ایئر، سری لنکن،بنگلہ دیش اور ترکش ایئرلائنز کی بزنس کلاس میں کھلاڑیوں کے لیے نشستیں بک کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ جن غیر ملکی کھلاڑیوں نے معاہدے کئے ہیں وہ پی ایس ایل میں شرکت کریں گے۔ پی ایس ایل ٹرافی پشاور سے لاہور پہنچے گی۔ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں سیزن میں معروف گلوکار عاطف اسلم اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، اینتھم جلد ریلیز کیا جائے گا۔ رواں سال اینتھم کا ٹائٹل ’بیٹ پہ کھیلیں گے‘ رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل عاطف اسلم نے آئمہ بیگ کے ساتھ ساتویں سیزن کا ترانہ ’آگے دیکھ‘ پیش کیا تھا۔ عاطف اسلم کے ساتھ، آئمہ بیگ، صابری سسٹرز اور دانیا کنول شامل ہیں۔ پشاور زلمی نے اپنی نئی ٹیم کٹ کی لانچ مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی ٹیزر ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کر دی ہے جس میں بابر اعظم نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔