کراچی( نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے شہر میں حالیہ طوفانی بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔رمضان المبارک اور عیدالفطر سے قبل اس قسم کے افسوسناک سانحے نے پورے ملک کی فضا کو سوگوار بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز بارش اور آندھی کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے، دیواریں منہدم ہونے اور بجلی کے کرنٹ لگنے جیسے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، جو نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے۔