کراچی (اعجاز احمد/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلویز نے رعایتی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے تمام رعایتوںپر 50فیصد کی حد مقرر کردی۔ صحافی برادری نے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، سیکریٹری وچیئرمین مظہر علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہےکہ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو ریلوے ٹکٹس پر دی جارہی موجودہ رعایت بحال رکھی جائے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر رانا محمد عظیم، سیکریٹری شکیل احمد، کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سابق صدر جنر ل(ر) سید پرویز مشرف(مرحوم) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے صحافیوں کو دی گئی ریلوے ٹکٹس میں رعایت ایک گراں قدر سہولت ہے، جسے موجودہ حکومت محدود کرکے صحافیوں کے ساتھ زیادتی کی مرتکب ہورہی ہے۔