اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) سربرآوردہ سعودی سیاسی محقق سلمان الانصاری نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب کو ایران کے ساتھ جنگ کرنا پڑی تو وہ پاکستان کے ساتھ باہمی دفاع کے معاہدے کو حرکت دے گا اور اس کی ایٹمی چھتری سے فائدہ اٹھائے گا۔ کینیڈا کے سی بی سی نیوز کےساتھ انٹرویومیں اس حوالے سے اپنے انٹرویو کے 43؍ سیکنڈز کے اقتباس کو انہوں نے اپنے ٹویٹر پر بھی شیئر کیا ہے جو وڈیو کی شکل میں ہے اس میں سی بی سی نے ان سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب اشتعال میں ہے تاہم صبر و ضبط سے کام لے رہاہے۔ اینکر نے ان سے دریافت کیا کہ کیا سعودی عرب جنگ میں شریک ہوگا تو الانصاری نے واضح کیا کہ اس کا کوئی حتمی جواب نہیں ہے اگر سعودی عرب نے پوری قوت سے جنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا تو ایران یقینی طور پر سخت خسارے میں رہے گا ۔