کراچی (محمد ناصر) پاکستان کے سب سے بڑے اور سب سے مقبول ٹیلی ویژن نیٹ ورک ”جیو“ نے ہمیشہ کی طرح 2026 میں بھی اپنے ناظرین کی میٹھی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے ایک سے ایک اور بہترین پروگرام ترتیب دیکر ناظرین کیلئے شاندار پروگراموں کی میٹھی سوغات تیار کرلی ہے۔ عید کی خصوصی نشریات میں اسپیشل بلیٹنز، خصوصی کوریج، ٹاک شوز، مارننگ شوز، ڈرامے، ٹیلی و فیچرز فلمیں، خصوصی شوز اور لالی ووڈ کی سپر ہٹ فلمیں عید کی رونق بڑھائیں گی۔ جیو ٹی وی پر بھی عید کے تین دِن انٹرٹینمنٹ کا طوفان ہوگا۔ عید کے پہلے دِن ”جیونیوز“ پر مارننگ شو”جیو پاکستان“ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان، گورنر سندھ نہال ہاشمی، مشاہد حسین سید اور سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر مہمان ہوں گے، دوپہر میں سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان اور فواد خان کا خصوصی انٹریو دکھایا جائے گا۔ نصرت فتح علی خان کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔ اسپیشل شو ”لاہور کے کھانے، عید کے بہانے“رونقیں دوبالا کرے گا۔ پروگرام ”اسکور“ میں کرکٹر عثمان طارق سے خصوصی انٹرویو ہوگا۔ قوال شہباز اور فیض کے ساتھ ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ کا اسپیشل بھی ناظرین کا لطف دوبالا کرے گا۔ ناظرین ”مزاحیہ مشاعرے“ سے محظوظ بھی ہوں گے۔