• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میزائل پروگرام خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے، پاکستان نے امریکی بیان مسترد کریا

اسلام آباد(پی پی آئی/جنگ نیوز)وزارتِ خارجہ پاکستان کے ترجمان نے امریکی حکام کے اس بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں پاکستان کی میزائل صلاحیتوں کو ممکنہ خطرہ قرار دیا گیا تھا، ترجمان نے واضح کیا کہ ملک کا دفاعی نظام مکمل طور پر اپنے تحفظ اور خطے کے امن کیلئے ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں خالصتاً دفاعی نوعیت کی حامل ہیں، جن کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس بھارت کی جانب سے 12000کلومیٹر سے زائد حد مار رکھنے والی میزائل صلاحیت کی ترقی ایک ایسے رجحان کی عکاس ہے جو علاقائی سلامتی کے تقاضوں سے آگے بڑھتا ہے اور بلاشبہ خطے اور اس سے باہر کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ طاہر حسین اندرابی نے افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف پاکستان کی کارروائیوں پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو بے بنیاد، گمراہ کن ،کھلی منافقت اور دوہرے معیار کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے بھارتی سرپرستی میں پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ملک جو مسلم آبادی کے خلاف ظلم و تشدد میں ملوث ہے اور چند ہفتے قبل ایک قابض طاقت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر چکا ہے، وہ دوسروں کو اصولوں کا درس دے رہا ہے۔ترجمان کے مطابق یہ بیانات مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، بھارت خود ہمسایہ ممالک کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچاتا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے بھارت میں اسرائیلی سفیر کے ان حالیہ ریمارکس پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا جو ملک کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہے تھے۔ اسرائیلی سفیر کے ایک ویڈیو کلپ سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے پاکستان کے بارے میں اس بیان کو بے بنیاد قرار دے کر سختی سے مسترد کر دیا۔ اندرابی نے جواباً اس کی نشاندہی کی جسے انہوں نے اسرائیل کا اپنا جارحیت اور سرکش رویے کا حقیقی ریکارڈ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے دعوے کی تائید میں ثبوت کے طور پر خاص طور پر غیر قانونی قبضے، غزہ میں جاری انسانی بحران اور بین الاقوامی عدالتوں میں اسرائیلی قیادت پر فرد جرم کا حوالہ دیا،ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کے والے مزید کہا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام بین البرِاعظمی حد سے کافی کم ہے اور یہ “کم از کم دفاعی صلاحیت” کے اصول پر مبنی ہے۔
اہم خبریں سے مزید