• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں 5 جی سروسز کا آغاز، بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کا لائسنس جاری

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)پاکستان میں 5 جی سروسز کا آغاز، بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات کی فراہمی کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی انتہائی شفاف انداز میں کی گئی ہے، چین اور پاکستان کی دوستی منفرد ہے،دوستی کی ایک اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی شعبے میں ملک کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ’فائیو-جی‘سپیکٹرم کے لائسنسوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا پاکستان میں پہلی مرتبہ فائیو جی سروس متعارف کرائی گئی ، تقریب میں وفاقی وزراءاور آئی ٹی کے شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔وزیراعظم نے فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ اور ان کی پوری ٹیم اور اور لائسنس حاصل کرنے والے ٹیلی کام آپریٹرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے، ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں عوام کو ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے،فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کی انتہائی شفاف انداز میں نیلامی کی گئی ہے،اس سے پہلے پی آئی اے کی بھی شفافیت کے ساتھ نجکاری کی گئی ۔قانونی چیلنجوں کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ زونگ اور دیگر شراکت دار ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو بھی سراہتے ہیں،امید ہے کہ وہ ملک کے کونے کونے میں اس ٹیکنالوجی کو عوام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی منفرد ہے اور دوستی کی ایک اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے۔
اہم خبریں سے مزید