کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمعرات کو کراچی میں پانی کے بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے، کے فور واٹر سپلائی پروجیکٹ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) کے تحت جاری اصلاحات کی بروقت تکمیل شہر کی بڑھتی ہوئی آبی و نکاسی آب کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی جدید اور مؤثر پانی کی فراہمی کے نظام کی متقاضی ہے، اس لئے تمام جاری منصوبوں کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔