وکٹوریہ پارک سینٹرل مسجد میں رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔
ماہ صیام کے دوران وکٹوریہ پارک سینٹرل مسجد میں 1 لاکھ 5 ہزار افراد نے نمازوں، تراویح اور اجتماعی افطار میں شرکت کی۔
مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی افطار میں مدعو کیا گیا۔ یہ سرگرمیاں چیئرمین حماد خان کی قیادت میں انجام پذیر ہوئیں۔
یاد رہے کہ اس سال ماہ رمضان کے دوران تراویح کے وقت حملے کے لیے سینٹرل مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 2 مسلح افراد گرفتار ہوئے، لیکن یہ واقعہ بھی مسلمانوں کو خوفزدہ نہیں کرسکا۔
مسجد کے فنانس سیکریٹری سہیل انور نے بتایا کہ عید کے دن 12ہزار سے زائد افراد نے 5 جماعتوں کے دوران نماز عید ادا کی اور رمضان کے 29 دنوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 5 ہزار افراد نے مسجد کا رخ کیا، یہ تمام افراد جمعے کے اجتماعات، تروایح، نماز پنچگانہ اور افطار کی تقریبات میں شریک ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران 21 ہزار افراد کو کھانا فراہم کیا گیا جبکہ بچوں کے افطار میں 1ہزار 400 اور بین المذاہب افطار میں 1ہزار200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
سہیل انور نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کہا کہ مسجد میں بہتری کے لیے1 لاکھ 5 ہزار پاؤنڈ خرچ کیے گئے، جن میں چھت، کار پارکنگ اور ہیٹنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لفٹ کی مرمت پر 70 ہزار پاؤنڈ کی لاگت آئی جبکہ خواتین کے وضو خانے اور کچن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
سہیل انو نے بتایا کہ آئندہ ایئر کنڈیشننگ اور مردہ خانے کے لیے نئی گاڑی کا انتظام کرنے کی مد میں 3 لاکھ 95 ہزار پاؤنڈ اخراجات ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔