کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق، خواتین سمیت 11زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے قائد آباد چوک پر تیز رفتار وین کی ٹکر سے 3 پولیس اہلکار حسن نواز اور رحمٰن شاہ ، کانسٹیبل عمران اور 2 راہگیر زخمی ہوگئے ،2پولیس اہلکار شاہ لطیف ٹاؤن تھانے جبکہ ایک ٹریفک پولیس اہلکار ہے جو کہ قائد آباد چوک کے قریب ڈیوٹی پر مامور تھے، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے وین کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ ڈرائیور نے ابتدائی تفتیش میں حادثہ بریک فیل ہونے کا بتایا ہے، علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن کے علاقے گلشن بہار میں ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو روند کر شدید زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، ریسکیو حکام کے مطابق شدید زخمی کی شناخت 45 سالہ عمر کے نام سے کی گئی ، پولیس کے مطابق حادثہ کچرا اٹھانے والے ٹرک سے پیش آیا ہے ، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹرک اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ، جس ٹرک سے حادثہ پیش آیا اس کی نہ تو بیک لائٹس اور نہ ہی بیک نمبر پلیٹ تھی ، دریں اثنا گھگھر پھاٹک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ، ایدھی حکام کے مطابق حادثہ پک اپ الٹنے کے باعث پیش آیا ، متوفی کی شناخت سہیل کے نام سے کی گئی زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منقتل کر دیا گیا ، سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی راہگیر اور حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔