کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاون میں فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے مبینہ طور پر فائرنگ میں ملوث دو دوستوں کو گرفتار کرلیا ، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے گیارہ غوثیہ مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 30سالہ تیمور ولد مختار شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کو ابتدائی طور پر چند افراد نے ڈکیتی کی واردات قرار دیا ، لیکن اس حوالے سے ایس ایچ او شہباز نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ دوستوں کی بیٹھک میں پیش آیا، مقتول اپنے دیگر تین دوستوں علی ، عزیر اور حماد کے ساتھ موجود تھا کہ اس دوران ایک دوست نے ہوا ئی فائرنگ کرنے کے لیئے پستول لوڈ کی لیکن اچانک گولی چل گئی جو کہ تیمور کو لگی، اس دوران حماد نامی موقع سے فرار ہوگیا پولیس نے دیگر دوستوں کو حراست میں لیکر شامل تفتیش کرلیا جبکہ مزید افراد کے بھی بیان ریکارڈ کیے جارہے ہیں۔