• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

29 مارچ سے لندن کیلئے بھی پی آئی اے کی پروازیں شروع ہو جائیں گی، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل


لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 29 مارچ سے لندن کیلئے بھی پی آئی اے کی پروازیں شروع ہو جائیں گی اور کوشش ہے کہ ان کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی پھیلایا جائے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے میں چھڑی جنگ کا جلد از جلد بات چیت کے ذریعے کوئی حل نکلے اور پاکستان اس ضمن میں اپنا تعاون بھی پیش کرتا رہا ہے۔

 پاکستان ہاؤس میں منعقد یوم پاکستان کی تقریب کے موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کامیاب سفارت کاری کے سبب ہمارے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ جنگ کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت نے جارحیت کی تو منہ کی کھائی، آئندہ ایسی حرکت کی تو اس کے ساتھ دوبارہ بھی ایسا ہی کریں گے، افغانستان کو بھی دہشت گردی کے سبب سخت جواب دیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے اخراجات میں کمی آئے گی لیکن کارکردگی میں کوئی کمی نہیں ہوگی، قائداعظم کے اقوال کے مطابق پاکستان ترقی کرے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی نمایاں خدمات اور مختلف شعبوں میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ  ان کی کامیابیاں پاکستان کے لیے بے پناہ فخر کا باعث ہیں۔

ہائی کمشنر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید