کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اساتذہ کی تنخواہیں اور پنشن سے کٹوتی روکنے کا حکم دیدیا۔ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو اساتذہ کے ٹائم اسکیل ختم کرنے اور اضافی مراعات واپس لینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے اس نوعیت کی درخواست پر پہلے ہی حکم جاری کر چکی ہے۔ عدالتی حکم کی غلط تشریح نکالی گئی ہے۔ درخواست گزار محکمہ تعلیم میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس اساتذہ ہیں۔ درخواست گزار ڈرائنگ ٹیچرز، فزیکل ٹریننگ انسٹرکٹرز اور ورکشاپ انسٹرکٹرز کے کیڈرز سے تعلق رکھتے ہیں۔ ٹائم اسکیل پالیسی کے مطابق گریڈ 15 سے 20 تک تنخواہیں ادا کی جاتی رہیں۔ محکمہ فنانس نے 21 جنوری کو خط کےذریعے ٹائم اسکیل کے فوائد ختم کرنے کا حکم دیا گیا۔ محکمہ خزانہ نے اضافی ادائیگیوں کی واپسی کی ہدایات جاری کیں۔ خط کے بعد محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بھی عملدرآمد کا مراسلہ جاری کیا۔ تنخواہوں میں کٹوتی اور دی گئی اضافی رقوم کی واپسی غیر قانونی ہے۔