کراچی (نیوز ڈیسک)ایرانی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، ثالثوں سے ٹھوس ضمانتیں مانگے گا، اس کے بعد امریکا سے مذاکرات ہوں گے، بھارتی میڈیا کے مطابق ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پاکستان پہنچنے کی توقع ہے ،وفد کا بنیادی مقصد کسی بھی براہِ راست امریکی مذاکرات سے پہلے غیر جانب دار ثالثوں سے ٹھوس اور پختہ سیکورٹی ضمانتیں حاصل کرنا ہے،ایران کا امریکیوں پر عدم اعتماد، پاکستانی وزیراعظم شہباز اور فیلڈ مارشل پر اظہار اعتماد۔ تہران ابھی بھی واشنگٹن کی بھروسے کی اہلیت پر شک رکھتا ہے اور امریکیوں پر مزید اعتماد نہیں کرتا، امریکا نے ماضی میں مسقط، ویانا اور استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے دوران تین مختلف مواقع پر ایران سے غداری کی، ایران اب اپنے ثالثوں سے 100 فیصد ضمانتیں چاہتا ہے تاکہ مستقبل میں سفارتی ناکامیوں کے خلاف ایک بفر کا کردار ادا کیا جا سکے۔