کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نےبارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر خطرناک بل بورڈز اور دیگر غیر محفوظ ڈھانچوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دیں۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت منگل کو متوقع بارشوں کے پیش نظر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارش کے نئے اسپیل کے حوالے سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری سندھ نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اورکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ عوامی مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔