برطانیہ میں معذور افراد کے لیے قائم Motability کار لیز اسکیم میں متوقع تبدیلیوں کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ صارفین اسکیم کو مکمل طور پر چھوڑ سکتے ہیں۔
نئی رپورٹ کے مطابق بڑھتے اخراجات اور حکومتی ٹیکس اصلاحات اس اسکیم کو متاثر کر سکتی ہیں۔
حکومتی منصوبے کے تحت جولائی 2026 سے کار لیز اسکیم پر بعض ٹیکس رعایتیں ختم یا کم کر دی جائیں گی جس کے نتیجے میں گاڑی حاصل کرنے کی لاگت میں اضافہ متوقع ہے۔
ان تبدیلیوں میں ایڈوانس ادائیگی پر وی اے ٹی اور انشورنس پر اضافی ٹیکس شامل ہیں جس سے صارفین پر مالی دباؤ بڑھے گا۔
ماہرین کے مطابق ان اقدامات کے باعث اوسط لاگت میں سیکڑوں پاؤنڈ تک اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ بعض صارفین کو گاڑی لینے کے لیے زیادہ پیشگی رقم ادا کرنا پڑے گی۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اضافی اخراجات کے نتیجے میں کچھ معذور افراد کے لیے اسکیم میں شامل رہنا مشکل ہو جائے گا اور وہ متبادل سفری ذرائع اختیار کرنے یا اسکیم چھوڑنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
موبلٹی اسکیم برطانیہ میں معذور افراد کو ان کے سرکاری الاؤنس کے بدلے گاڑی، اسکوٹر یا وہیل چیئر حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے اور اس وقت لاکھوں افراد اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات اسکیم کو طویل مدت تک برقرار رکھنے اور اخراجات کو قابو میں رکھنے کے لیے ضروری ہیں تاہم معذور افراد کی نمائندہ تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے کم آمدنی والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
دوسری جانب حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ موجودہ صارفین کے معاہدوں پر فوری طور پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جبکہ نئی شرائط صرف آئندہ لیز پر لاگو ہوں گی۔