• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ٹرمپ طاقت کے استعمال سے نہیں ڈرتے مگر سفارتکاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

ترجمان وائٹ ہاؤس  کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے، صدر ٹرمپ فوجی کارروائی سے قبل سفارت کاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ طاقت کے استعمال سے نہیں ڈرتے مگر سفارتکاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ایران کو "20 گنا زیادہ" شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ایران سے متعلق تمام آپشنز بدستور میز پر موجود ہیں۔

 امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ پاکستان اور ایرانی حکام سے ملاقات کی خبروں پر سوال کے جواب میں ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صورتحال ابھی غیر مستحکم ہے، جب تک وائٹ ہاؤس باضابطہ اعلان نہ کرے کسی ملاقات کو حتمی نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کہ ایران سے کون مذاکرات کر رہا ہے اس بارے میں نہیں بتا سکتی، ایران نے شکست تسلیم نہ کی تو ٹرمپ انہیں مزید نقصان پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔

کیرولین لیوٹ نے کہا کہ آپریشن اپیک فیوری میں دشمن کے 9000 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ایران کے 90 فیصد میزائل اور ڈرونز کو مار گرایا گیا، ایران کے 140 سے زائد بحری جہاز تباہ کیے گئے، دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار کسی نیوی کو اس حد تک تباہ کیا گیا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر ٹرمپ دھمکیاں نہیں لگاتے، ایران غلط اندازے نہ لگائے، گزشتہ مرتبہ غلط اندازے لگانے پر ایران کی لیڈرشپ، نیوی، ایئر فورس سب ختم کر دیا تھا، اب سے آگے جنگ اس لیے ہوگی کہ ایران سمجھنے سے انکاری ہے، ایران سے متعلق بات چیت میں جے ڈی وینس شامل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے شکست نہیں مانی تو مزید سخت حملے کریں گے، ایران کو غلط اندازے نہیں لگانے چاہئیں۔ جنگ ختم ہونے پر فیول کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ 

کیرولین لیوٹ نے کہا کہ جمعرات کو صدر ٹرمپ کابینہ اجلاس کی میزبانی کریں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس  نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی سربراہ  شی جن پنگ  سے بیجنگ میں ملاقات 14 مئی کو ہوگی، چینی صدر کے  اس سال دورہ واشنگٹن کی تاریخ کا جلد اعلان ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید