پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹر محمد نعیم کا کہنا ہے کہ ٹیم کو جتوا کر دوبارہ چیمپئن بنوانا چاہتا ہوں، یہی میرا گول ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے دوسری مرتبہ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، پلان یہی ہے کہ جہاں گزشتہ سیزن ختم کیا تھا وہیں سے شروع کروں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران 3، 4 ٹورنامنٹس کھیلا ہوں لیکن توقع کے مطابق پرفارم نہیں کر سکا، کوشش ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ اپنا بہترین دوں لیکن رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتے۔
پی ایس ایل 11 کے لیے لاہور قلندرز کے کمبی نیشن کے بارے میں محمد نعیم نے کہا کہ لاہور قلندرز کی فیملی اور مرکزی پلیئرز برقرار ہیں، جو نئے کھلاڑی آئے ہیں وہ بھی گھل مل گئے ہیں، لاہور قلندرز کا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، اس مرتبہ پچھلے سیزن سے زیادہ اچھا ہو گا، ٹی 20 کرکٹ میں کمبی نیشن کا اچھا بننا بہت ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ہمیشہ بولنگ اسٹرنتھ رہی ہے، مستفیض الرحمان کا آنا ہمارے لیے بہت اچھا ہے۔
محمد نعیم نے کہا کہ ہر بیٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر بنے لیکن میرا گول ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالنا ہے، میں ٹیم کو جتوا کر دوبارہ چیمپئن بنوانا چاہتا ہوں یہی میرا گول ہے۔