اسلام آباد(کامرس رپور ٹر ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ کے لیے 100ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی اور عبوری قومی گندم پالیسی 2025-26کے تحت گندم کی خریداری کا جائزہ لیااورنجی شعبے کے ذریعے شفاف اور مسابقتی طریقہ کار کے تحت 10 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم کی خریداری کی منظوری دے دی،ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت جمعرات کو ہوا۔ای سی سی نے وزارتِ خزانہ کی جانب سے پیش کردہ سمری پر غور کرتے ہوئے 100 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ی منظوری دے دی یہ رقم وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ 2026 میں منتقل کی جا ئے گی ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ خلیجی خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے بین الاقوامی پیٹرولیم قیمتوں پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات پر قیمتوں کے فرق (پرائس ڈیفرینشل)کی ضروریات پوری کی جا سکیں اور صارفین کو قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔