• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی حکومت 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی، امدادی قیمت 3500 روپے فی 40 کلو مقرر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کریگی ،رواں سیزن کے لئے گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی 40 کلو مقرر کی ہے ، پہلی بار گندم خریداری صرف رجسٹرڈ ہاری کارڈ ہولڈرز سے کی جائے گی، محکمہ خوراک کے 43 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، 22 کو معطل، 9 کو ملازمت سے برطرف جبکہ 6 کیسز اینٹی کرپشن کو بھجوائے گئے،تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کی سب کمیٹی برائے گندم پالیسی کے اراکین صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ اور مشیر بحالی گیان چند اسرانی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں گندم خریداری کی جامع اور شفاف حکمت عملی کا اعلان کیا،صوبائی وزیر خوراک نے بتایا کہ گندم خریداری کا عمل یکم اپریل سے صوبے بھر میں قائم 109 خریداری مراکز سے شروع کیا جائے گا، اس اقدام سے تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار ہاری مستفید ہوں گے، اس سال حکومت باردانہ فراہم نہیں کرے گی بلکہ ہاری اپنا باردانہ خود لائیں گے، جس کے عوض انہیں 60 روپے فی بوری کے حساب سے ادائیگی کی جائے گی جو براہ راست ہاریوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے رمضان المبارک میں 84 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ بے ضابطگیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی گئی، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کے پاس 12 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا مکمل ریکارڈ موجود تھا اور گندم چوری سے متعلق میڈیا رپورٹس بے بنیاد ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید