• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی خورشیدی پڑھے لکھے شخص، غلط جگہ پھنس گئے، مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےکہا ہے کہ علی خورشیدی ان کے بھائی اورپڑھے لکھے شخص ہیں تاہم وہ غلط جگہ پھنس گئے ہیں ہماری کوشش ہے کہ کراچی کو ایسا شہر بنائیں جہاں امن ہو، خوف نہ ہو، بھتہ خوری، بوری بند لاشیں اور پہیہ جام کی سیاست نہ ہو بلکہ شہری بلاخوف و خطر کاروبار اور روزگار کرسکیں، آج کے ایم سی کی ماہانہ آمدنی 15 کروڑ روپے سے بڑھ کر 30 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، انہوں نےضلع غربی میں زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ پر سیوریج سسٹم کی بحالی اور پیور بلاکس لگانے کے منصوبے جبکہ فقیر کالونی روڈ سے میٹروول روڈ براستہ مومن آباد اور عثمان روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا ،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ دونوں ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 16 کروڑ 69 لاکھ روپے لاگت آئی ہے میئر کراچی نے بتایا کہ زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ کے منصوبے کے تحت 1600 رننگ فٹ طویل 15 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھائی گئی، جبکہ علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سائز کی مجموعی طور پر 3400 رننگ فٹ پانی کی لائنیں بھی بچھائی گئیں۔ ان میں 1500 رننگ فٹ 12 انچ، 700 رننگ فٹ 6 انچ اور 1200 رننگ فٹ 4 انچ قطر کی پانی کی لائنیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں 10 ہزار 200 رننگ فٹ کرب بلاکس لگانے کے علاوہ 60 ہزار مربع فٹ رقبے پر 80 ایم ایم موٹائی کے پیور بلاکس بھی نصب کیے گئے، انہوں نے کہا کہ مومن آباد روڈ پر ایک لاکھ 40 ہزار مربع فٹ ویئرنگ کورس کا کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ فقیر کالونی، مومن آباد، میٹروول اور ملحقہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سڑکوں کی حالت بہتر ہونے کے ساتھ شہریوں کو نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کی بہتر سہولیات بھی میسر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہتری، ترقی، تعمیر، تہذیب اور تمدن کا سفر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رہے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی طور پر مستحکم کردیا ہے میئر نے کہا کہ لڑائی جھگڑوں سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچتا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید