کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہزارہ قبائل مشاورتی کونسل کے چیئرمین و تحریک صوبہ ہزارہ کے مرکزی رہنماذوالفقار خان نے کہا ہے کہ ہزارہ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور کسی کو ہزارہ کی سرزمین پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ، شمالی کے پی کے اور جنوبی کے پی کے کی مجوزہ تقسیم کو مسترد کرتے ہیں، ہمارا واضح اور دوٹوک مطالبہ صرف صوبہ ہزارہ کا قیام ہے ، نجی ہوٹل میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے لسانی تعصب کے بجائے انتظامی بنیادوں پر بنائے جائیں ، اس موقع پر ہزارہ قومی محاز کے مرکزی رہنما رفیق ہزاروی بھی موجود تھے ،رہنماؤں نے ہزارہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی کہ وہ متحد ہو کر صوبہ ہزارہ کی تحریک میں شامل ہوں ، صوبہ ہزارہ اس ملک کا ایک مثالی صوبہ ثابت ہوگا، کیونکہ ہزارہ وال ایک محب وطن قوم ہے۔