• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

20 پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت، ایران یومیہ 2 جہاز گزرنے دے گا، اسحاق ڈار

اسلام آ باد (رانا غلام قادر، ایجنسیاں) ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا انکشاف نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ 2 پاکستانی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہوگی، اسحق ڈار نے کہا کہ ایران کا یہ اقدام خوش آئند، تعمیری اور خطے میں امن کا پیش خیمہ ہے، علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں پر اعتماد میں لیا، دونوں رہنماؤں کی گفتگو ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہی، دونوں رہنمائوں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مذاکرات اور ثالثی کیلئے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا،وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے، فیلڈ مارشل اور دیگر کے امریکا، خلیجی اور اسلامی ممالک سےسفارتی رابطوں سے آگاہ کیا ، اسرائیلی حملوں کی مذمت، ایران سے اظہار یکجہتی کیا، وزیراعظم نے کہا امید ہے اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی راہ نکلے گی،دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزیرِ خارجہ آج اسلام آباد میں ملیں گے، تینوں برادر ممالک کے وزرائے خارجہ وزیراعظم سے بھی ملاقات کرینگے، علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحق ڈار نے قطر اور انڈونیشیا کی قیادت سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکےخطے کی تازہ ترین صورتحال اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ترکیہ اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے انقرہ کی جانب سے اب تک جنگ کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں بالخصوص گزشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکا، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایران کیخلاف اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کیا۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔دریں اثناء ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا انکشاف نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ 2 پاکستانی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ مثبت اعلان امن کی جانب ایک بامعنی قدم ہے اور اس سمت میں ہماری اجتماعی کوششوں کو تقویت دیگا۔ مذاکرات، سفارت کاری اور اس طرح کے اعتماد سازی کے اقدامات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔ علاو ہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود، ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی 29 سے30مارچ تک پاکستان کا دورہ کرینگے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزرائے خارجہ مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کریں گےجن میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔ پاکستان سعودی عرب، ترکی اور مصر کے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ 

اہم خبریں سے مزید