کراچی (نیوز ڈیسک) ایپسٹین کیس سے متعلق نیویارک میں35لاکھ صفحات پر مشتمل ’’پیپر سٹی‘‘ نمائش قائم، بدنام جنسی مجرم سے متعلق امریکی محکمۂ انصاف کی دستاویزات کو 3,437جلدوں میں پیش کیا گیا۔ نمائش کا مقصد متاثرین کیلئے انصاف اور شفافیت کا مطالبہ، متاثرہ خواتین نے نمائش کو اپنی تکالیف کا اظہار قرار دیا۔ امریکی شہر نیویارک کے علاقے ٹریبیکا میں بدنام زمانہ سرمایہ کار اور جنسی جرائم میں ملوث مجرم جیفری ایپسٹین کے مقدمات سے متعلق 35لاکھ سے زائد صفحات پر مشتمل ایک غیرمعمولی نمائش قائم کی گئی ہے، جسے ’’دی ڈونلڈ جے ٹرمپ اینڈ جیفری ایپسٹین میموریل ریڈنگ روم‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ نمائش ایک غیرسرکاری ادارے “انسٹیٹیوٹ فار پرائمری فیکٹس” نے ترتیب دی، جہاں امریکی محکمۂ انصاف کی جاری کردہ دستاویزات کو ہزاروں جلدوں کی صورت میں دیواروں پر سجایا گیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایپسٹین کے متاثرین کے لیے انصاف اور حکومتی اداروں کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لانا ہے۔