لاہور (جنگ نیوز) لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ کے آخری لمحات میں گیند کی حالت تبدیل کرنے کے الزام میں لگنے والے 5 رنز کے جرمانے پر شدید حیرت اور لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ گیند کی حالت تبدیل ہونے کا الزام کیوں لگایا گیا، ہم اس معاملے پر مینجمنٹ کے ساتھ تفصیلی بات کریں گے۔ 5 رنز کی پنالٹی کے فیصلے پر اس وقت کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ شاہین شاہ آفریدی نے البتہ اپنی ٹیم کے دفاع میں کہا کہ قلندرز کی بیٹنگ اتنی بھی بری نہیں تھی، اگر ہمارا ہدف کم ہوتا تو کراچی یہ میچ 15 اوورز میں ہی ختم کر دیتا، لیکن ہم نے آخری گیند تک مقابلہ کیا۔ ٹیم آخری گیند تک لڑی ہے اور مجھے اپنی ٹیم سے یہی ہمت درکار ہے۔ خیال رہے کہ اس جیت کے ساتھ ہی کراچی کنگز کا لاہور کے خلاف ریکارڈ 15-8 سے مزید بہتر ہو گیا ہے۔