کراچی(اسٹاف رپورٹر) نوجوان اوپنر شامل حسین نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری بناکر پاکستان سپر لیگ الیون میں سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو حیدر آباد کنگز مین کے خلاف 40رنز کی بڑی فتح دلوادی۔ کنگز مین کو ٹورنامنٹ میں پہلی جیت کی تلاش ہے اسے مسلسل دوسری شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا۔ شامل حسین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ کوئٹہ کو پہلے میچ کراچی نے14 رنز اور حیدرآباد کو لاہور قلندرز نے69 رنز سے شکست دی تھی۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ نے8 وکٹ پر174رنز بنائے ۔ جواب میں کنگز مین کی جانب سے نہ صائم ایوب چلے اور نہ لبوشین کچھ کرسکے کوئی بیٹر نصف سنچری نہ بناسکا۔ مقررہ 20 اوورز میں اس نے8 وکٹ پر 134رنز بنائے۔ عرفان خان 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے25گیندوں کا سامنا کیا دو چھکے اور دو چوکے مارے۔ حسان خان 31رنز 19گیندوں پر بنانے میں کامیاب ہوئے، کپتان مارنس لبوشین 23، عثمان خان 14، صائم ایوب 8، سید سعد علی 7، حماد اعظم 6 اور معاذ صداقت 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ابرار احمد نے 3وکٹ 23رنز دے کر لئے اور تین گیندوں پر دوچوکوں کی مدد سے 9ناٹ آؤٹ رنز بنائے اور احمد دانیال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عثمان طارق، الزاری جوزف اور سعود شکیل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں کوئٹہ کی جانب سے شامل حسین نے 54 رنز41گیندوں پر بنائے جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ حسن نواز نے 53 رنز 40گیندوں پر تین چھکے اور دو چوکے لگاکر بنائے۔ ٹام کرن 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے18گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چھکے اور ایک چوکے شامل تھے، کوئی اور بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز سعود شکیل اور شامل حسین نے کیا لیکن سعود شکیل صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ رائلی روسو بھی اپنا کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے ۔ تیسری وکٹ کیلئے شامل حسین اور حسن نواز نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ حیدرآباد کنگز میں کی طرف سے ریلے میریدتھ نے 3، عاکف جاوید اور مہیش تیکھشانا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔