• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ ڈراما، لاہور قلندرز کے ارمانوں پر ’’پنالٹی‘‘ پھر گئی، کراچی کنگز کی اعصاب شکن فتح

لاہور (جنگ نیوز) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اتوار کی شب کرکٹ نہیں بلکہ اعصاب کی جنگ ہوئی، جہاں شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ اور حارث رؤف کی رفتار پر امپائرز کے ایک فیصلے اور تقدیر کی یاوری نے پانی پھیر دیا۔ پی ایس ایل 11 کے اس یادگار معرکے میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے جبڑے سے فتح چھین کر 4 وکٹوں سے میدان مار لیا۔ میچ کا پانسہ اس وقت پلٹا جب آخری اوور کے آغاز سے قبل امپائرز نے گیند کی حالت غیر فطری طور پر تبدیل پانے پر لاہور کو 5 رنز کی بھاری پنالٹی لگا دی، جس نے جیت کا فاصلہ 14 سے کم کر کے محض 9 رنز کر دیا۔ڈرامہ یہیں ختم نہیں ہوا؛ حارث رؤف نے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر خوشدل شاہ کو ٹھکانے لگایا تو قلندرز کے خیمے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، مگر یہ وکٹ کراچی کے لیے ’خوش بختی‘ بن گئی۔ نئے آنے والے بیٹر عباس آفریدی نے کریز پر قدم رکھتے ہی پہلی گیند پر زوردار چوکا اور اگلی ہی گیند پر فلک شگاف چھکا جڑ کر تین گیند قبل ہی فتح کراچی کی جھولی میں ڈال دی۔اس سے قبل قلندرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 128 رنز بنا سکی۔ شاہین آفریدی نے 18 رنز کے عوض 4 شکار کر کے میچ میں جان ڈالی تھی، مگر پنالٹی کے جھٹکے اور عباس آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ نے لاہور کے قلعے کو مسمار کر دیا۔ ایڈم زمپا کی جادوئی بولنگ اور محمد وسیم کے 38 رنز نے بھی کراچی کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کراچی کنگز کے بیٹر محمد وسیم 38، سعد بیگ 19اور معین علی نے 18 رنز بنائے، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے 18رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اسپورٹس سے مزید