کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے مشہور اوپنر صائم ایوب ان دنوں اپنی فارم کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ناکامی کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ میں قلندرز کے خلاف17 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 8 رنز بناسکے ہیں۔ اپنی خراب بیٹنگ فارم کے بارے میں پی ایس ایل کے مہنگے ترین کھلای کہتے ہیں کہ بیڈ پیچ نہیں بلکہ یہ میرے لیے ایک چیلنج ہے۔ مجھے رزلٹ کی پرواہ نہیں ہے۔ میں چیزیں سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ حیدرآباد کنگز مین میں جس طرح کے ماحول کی توقع تھی اس سے بہتر ماحول ملا ہے ۔ اتوار کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میں نئی ٹیم سے کھیلنے کے لیے بہت پُرجوش ہوں، ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے کھیل چکا ہوں ان میں امریکا جانے والے اور ڈومیسٹک کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ہمارے کپتان مارنوس لبوشین بھی خوش مزاج ہیں اور دوستانہ ماحول ہے، بہت مزہ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کسی بھی ٹیم سے کھیلوں توقعات ہمیشہ زیادہ رہتی ہیں، آسٹریلوی کپتان اور آسٹریلوی کوچ ہیں ان کی طرح ہمارا بھی مائنڈ سیٹ یہی ہے کہ ہم نے اٹیکنگ کرکٹ کھیلنی ہے، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مینجمنٹ نے جارحانہ انداز کی عادت ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ اپنے آؤٹ آف فارم ہونے کے بارے میں صائم ایوب نے کہا کہ اسے بیڈ پیچ نہیں کہہ سکتے بلکہ یہ میرے لیے ایک چیلنج ہے، کیریئر میں ایسے چیلنج آتے رہتے ہیں میں چیزیں سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔