کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور زمبابوے سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد سکندر رضا کو سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو لاہور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس محمد فیصل نےپاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹیو آفسیرکو خط لکھا کہ ایس پی آپریشنز سول لائینز نے شکایت کی ہے کہ ہفتے کو لاہور کے فائیو اسٹار ہوٹل میں جہاں پی ایس ایل کی ٹیمیں ٹھہری ہوئی ہیں وہاں سیکورٹی پروٹوکول کی سنجیدہ نوعیت کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔رات دس بج کر35منٹ پرلاہور قلندرز کے لائزن آفیسرنے پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجر سیکورٹی اینڈ اینٹی کرپشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) اختر حسین سے رابطہ کیااور کہا کہ چار مہمان سکندر رضاکے کمرے میں جانا چاہتے ہیں۔لیکن سیکورٹی پروٹوکولز کی وجہ مہمانوں کو اجازت دینے کی درخواست کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجر سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) اختر حسین نے باضابطہ طور پر مسترد کر دیا تھا۔ اس واضح، اور اعلیٰ سطحی انکار کے باوجود، ہدایات کو مبینہ طور پر نظر انداز کر دیا گیا ۔یہ واقعہ 28 مارچ 2026 کو لاہور کے ٹیم ہوٹل میں سخت پی ایس ایل سیکورٹی میں پیش آیا۔لاہور پولیس نے پی سی بی سیکورٹی اور بائیو سیکیور ببل پروٹوکول کی براہ راست خلاف ورزی قرار دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ یہ قواعد اور ضابطہ اخلاق کی "واضح خلاف ورزی" تھی۔